(علی اکبر) مسلم لیگ (ق) کا انٹرا پارٹی الیکشن کا مراحلہ مکمل ہو گیا، چودھری شجاعت حسین بلا مقابلہ مرکزی صدر منتخب ہوگئے جبکہ طارق بشیر چیمہ جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے۔ چودھری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ ملک میں اس وقت غریب آدمی کے حالات مایوس کن ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ق) کے انٹرا پارٹی الیکشن کا سلسلہ مکمل ہو گیا، صوبائی صدرو کے انتخاب کے بعد مرکز کے انتخاب بھی مکمل ہو گئے ہیں، چودھری شجاعت حسین پاکستان مسلم لیگ کے بلامقابلہ مرکزی صدرجبکہ وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ بلامقابلہ سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے، انتخابی عمل کیلئے مرکزی الیکشن کمیشن کےاجلاس کی صدارت جہانگیر اے جھوجھہ ایڈووکیٹ نے کی جبکہ ممبران الیکشن کمیشن چودھری امتیازاحمد رانجھا، فرخ خان، رانا خالد منظور اور میاں عمران مسعود تھے۔ اس موقع پر خدیجہ عمر فاروقی،ماجدہ زیدی اور عزیزہ سعید سمیت دیگر بھی موجود تھیں۔
نومنتخب صدر پاکستان مسلم لیگ (ق) چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ صوبائی تنظیمیں ہر سطح پر مسلم لیگ کو فعال اور منظم کریں، پاکستان مسلم لیگ (ق) کو فعال، مضبوط اور منظم بنا کر ہی پاکستان کا استحکام یقینی بنایا جاسکتا ہے۔
چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ ملک میں اس وقت غریب آدمی کے حالات مایوس کن ہیں، انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ ملک میں تمام بڑے منصوبے دو تین سال کیلئے معطل کردیں، غریب اور عام آدمی کی فلاح و بہبود اور ان کی حالت کو بہتر بنانے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔