( عمر اسلم ) سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی غیرموجودگی میں گیلپ پاکستان سروے، مریم نواز پارٹی کی بھاگ دوڑ سنبھالنے کیلئے اپنے پارٹی ووٹرز کا اعتماد حاصل نہ کرسکیں، 49 فیصد لیگی ووٹروں نے نواز شریف کی غیر موجودگی میں شہباز شریف کو قائدانہ صلاحیتوں کا مالک قرار دے دیا۔
گیلپ کی جانب سے سروے کیا گیا کہ قائد مسلم لیگ (ن) میاں نوازشریف کی عدم موجودگی میں پارٹی کی قیادت کیلئے کون سب سے زیادہ بہتر رہنما ہے۔ سروے رپورٹ کے مطابق تقریباً ہر 2 میں سے 1 یعنی 49 فیصد لیگی ووٹروں کے مطابق نواز شریف کی غیر موجودگی میں شہباز شریف پارٹی کی قیادت اچھی طرح سنبھالنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔
سروے کےمطابق نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز، شہباز شریف کے 49 فیصد کے مقابلے میں صرف 12 فیصد ووٹروں کی مثبت رائے حاصل کرسکیں جبکہ پارٹی چلانے کی اہلیت رکھنے کے معاملے میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے حق میں 3 فیصد اور شاہد خاقان عباسی کے حق میں صرف 2 فیصد لیگی کارکنوں نے ووٹ دیا. 19 فیصد ووٹروں نے اپنے رائے کا اظہار نہیں کیا جبکہ 14 فیصد کارکنوں کا کہنا ہے کہ میاں نوازشریف کےعلاوہ کوئی بھی اہل نہیں ہے۔