(علی رامے) گراس روٹ لیول پراختیارات کی منتقلی کا نعرہ دم توڑ گیا، حکومت نے عوامی منصوبوں کی تکمیل کیلئے نچلی سطح پر اختیارات دینے کے بجائے آب پاک کے نام سے بنائی جانے والے نئی اتھارٹی کو سونپ دیئے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے’’آب پاک‘‘ کے نام سے نئی اتھارٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئی اتھارٹی پر بیوروکریسی کے اعتراضات کے باوجود ڈارفٹ بھی تیار کرلیا گیا۔ محکمہ بلدیات نے اعتراض کیا تھاکہ اتھارٹی سے نچلی سطح پر بلدیاتی نمائندوں سے اُن کے اختیارات ختم ہو جائیں گے۔
گورنر پنجاب نے چیئرمین پی اینڈ ڈی کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی۔ کمیٹی نے سفارشات مکمل کرلی ہیں اور بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دینے کی بجائے انہیں اتھارٹی کے سپرد کیا ہے۔ کمیٹی نے ایوان وزیر اعلیٰ کو سمری ارسال کی ہے اور کہا ہے کہ بلدیاتی ادارے اتھارٹی کے ماتحت ہوں گے اور ترقیاتی منصوبوں کیلئے اتھارٹی سے منظوری لیں گے جبکہ اتھارٹی کو منصوبوں کی تکمیل اور فنڈز کے اجرا کا مکمل اختیار ہوگا۔ بلدیاتی ادارے اور نمائندے صرف اتھارٹی کو سکیمیں دیں گے جس کی منظوری اتھارٹی کا ڈی جی دے گا۔