لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی

16 Jan, 2019 | 11:32 AM

Sughra Afzal

(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کو 10 روز کیلئے ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس محمد فرخ عرفان خان نے حمزہ شہباز کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواستگزار کی جانب سے اعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ نے موقف اختیا رکیاکہ وزارت داخلہ کو نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے خطوط لکھے مگر جواب نہیں ملا۔ وفاقی حکومت کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق اے خان نے موقف اختیار کیاکہ وفاقی وزارت داخلہ سمیت دیگر فریق اسلام آباد میں ہیں۔درخواست ناقابل سماعت ہے۔ کسی نے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچایا ہو تو اسے روکا جاسکتا ہے۔ جسٹس محمد فرخ عرفان خان نے ریمارکس دیئے کہ پاکستان کو بنانا ری پبلک نہیں بننے دیں گے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل بولے حمزہ 215 ملین رقم کی خرد برد میں ملوث ہیں۔

عدالت نے کہاکہ نیب جس طرح کام کر رہا ہے، اس سے چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے ججز نارض ہیں۔ کیا ملک نیب چلائے گا؟ کیا پارلیمنٹ اور عدالتیں ختم کردیں؟ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا ثبوت ہے کہ حمزہ واپس نہیں آئیں گے۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ درخواستگزار نے پہلے متعلقہ فورم سے رجوع نہیں کیا۔ وکیل درخواستگزار نے کہا کہ چئیرمین نیب اور متعلقہ فورم سے رجوع کیا تھا۔

عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد حمزہ شہباز کو 10 روز کیلئے ایک مرتبہ بیرون ملک جانے کی اجازت  دیتے ہوئے وفاقی وزارت داخلہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئےجواب طلب کرلیا۔

مزیدخبریں