سٹی 42 : پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان 29 سال بعد چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کررہاہے، چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی انتھک محنت کے بعد حاصل ہوئی ۔
لاہور کے شاہی قلعہ میں چیمپئنز ٹرافی کی رنگارنگ افتتاحی تقریب سے خطاب میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ دنیا دیکھ رہی ہے کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کیلئے تیار ہے، چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی انتھک محنت کے بعد حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے چیمپئنز ٹرافی کیلئے ریکارڈ مدت میں اسٹیڈیم تیار کیے، ہم نے ایونٹ کے لیے بڑی محنت کی اسٹیڈیمز ریکارڈ وقت میں اپ ڈیٹ کئے، اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن میں شامل ورکرز نے بڑی محنت کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ لاہور، دیوان عام میں چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب یادگار ہے، یہ ایک ایونٹ نہیں بلکہ کرکٹرز کیلئےخود کو منوانے کا ایک سنہری موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کیلئے ٹیموں کی آمد جاری ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ آئی سی سی ٹیم نے بھی بہت محنت کی ، انہیں سراہتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ چمپینز ٹرافی 2017 کی ونر ٹیم پاکستان کو خاص طور پر خوش آمدید کہتا ہوں۔ چار ٹیمیں پاکستان آچکی ہیں، اسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں 48 گھنٹوں میں پاکستان پہنچ جائیں گی ۔