سلمان سلیم : وادی نیلم میں سیر و تفریح کرنے گیا کراچی کا نو بیاہتا جوڑا واپس نہ لوٹ سکا، گیسٹ ہاؤس کے کمرے میں دم گھٹنے سے دونوں میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔
اسلام آباد سے لاشیں کراچی ایئرپورٹ پہنچادی گئیں۔
اہل خانہ سے معلوم ہوا ہے کہ جاں بحق ہونے والا سید محمد طحہٰ مکینیکل انجینئر تھا ، جاں بحق بیوی دعا زہرا بی بی اے کی طالبہ تھی ۔ دونوں کی شادی رواں ماہ 4 فروری اور ولیمہ 8 فروری کو ہوا تھا ، دونوں میاں بیوی 11 فروری کو کراچی سے ٹرین کے ذریعے روانہ ہوئے تھے۔
اہل خانہ نے بتایا ہے کہ دونوں سے آخری مرتبہ فون پر بات جمعے کی رات 9 بجے ہوئی تھی ، طحہٰ اور دعا نے ہفتے کی صبح گیسٹ ہاؤس سے چیک آؤٹ کرکے نیلم ویلی جانا تھا۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ہمیں بتایا گیا ہے کہ گیسٹ ہاؤس کے کمرے میں دم گھٹنے سے دونوں جاں بحق ہوئے ۔ پولیس کے مطابق گیسٹ ہاؤس کے کمرے میں سلنڈر کے استعمال سے گیس بھر گئی تھی ۔