کوہلو کی صوبائی نشست پر ری پولنگ ، پیپلز پارٹی کو ایک اور نشست پر فتح مل گئی

16 Feb, 2024 | 11:11 PM

سٹی 42: بلوچستان میں صوبائی اسمبلی کے 8 فروری کو ہونے والے الیکشن  کے دوران صوبائی اسمبلی کے ایک حلقہ مین کچھ پولنگ سٹیشنوں پر روکی گئی پولنگ آج دوبارہ ہوئی تو  پاکستان پیپلز پارٹی کو ایک اور انتخابی فتح مل گئی۔ 

پاکستان پیپلز پارٹی  بلوچستان کے کوہلو ریجن کے حلقہ پی بی 9 میں کامیاب ہو گئی ۔ پاکستان پیپلز پارٹی پہلے ہی بلوچستان اسمبلی میں 11 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی پارلیمانی جماعت ہے۔

کوہلو کے صوبائی اسمبلی حلقہ پی بی 9 میں 8 فروری کو انتخابات کے دوران سات پولنگ سٹیشنوں پر بد امنی کے باعث پولنگ رکوا دی گئی تھی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حکم پر آج جمعہ کو ان سات پولنگ سٹیشنوں میں دوبارہ پولنگ ہوئی۔ ری پولنگ کے نتیجہ میں غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے میر نصیب اللہ مری 6 ہزار 279 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ آزاد امیدوار غزین مری 3 ہزار 368 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ مسلم لیگ ن کے نواب جنگیز مری 2 ہزار 881 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔ چنگیز مری مری قبیلہ کے سربراہ نواب خیر بخش مری کے صاحبزادے ہیں۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ انتخابی عمل کو تاخیر اور چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں 8 فروری کو سات پولنگ سٹیشنوں پر ووٹنگ ملتوی کر دی گئی۔ تاہم، ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے ساتھ ہی حتمی نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس سے پی بی 9  میں میر نصیب اللہ مری کی جیت ثابت ہو گئی ہے۔

مزیدخبریں