پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون کی رابطہ کمیٹیوں کے مشترکہ اجلاس کا دوسرا دور جمعرات کے روز مکمل ہو گیا، تیسری حتمی نشست آج جمعہ کو ہوگی۔
پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی رابطہ کمیٹیوں کے مشترکہ اجلاس کا دوسرا دور مکمل ہونے کے بعد دونوں جماعتوں کی جانب سے میڈیا کے لئے جاری کئے گئے مشترکہ بیان مین بتایا گیا کہ مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی کے درمیان حکومت سازی کے حوالے سے معاملات آگے بڑھے ہیں۔ رابطہ کمیٹیوں کی تیسری نشست آج ہوگی۔دونوں کمیٹیاں اپنی سیاسی قیادت سے مشاورت کے بعد آج بات چیت کا تیسرا راؤنڈ کریں گی
توقع ہے کہ تیسرے راؤنڈ میں سفارشات کو حتمی شکل دی جائے گی۔
دو روز قبل دونوں جماعتوں کی رابطہ کمیٹیوں کے درمیان حکومت سازی سے متعلق پہلی میٹنگ ہوئی تھی جس میں مستحکم وفاقی حکومت کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا تھا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے وزارت عظمیٰ کیلئے ن لیگی امیدوار کو ووٹ دینے کے بعد اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنے اور حکومت میں شامل نہ ہونے کا اعلان کیا گیا تھا۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے یہ بھی اعلان کیا گیا کہ پارٹی صدر، اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کے عہدوں کیلئے جمہوری طریقہ کار کے مطابق اپنے امیدوار نامزد کرے گی اور ان عہدوں پر اپنے امیدواروں کے انتخاب کے لئے پہلے سے کوئی سودے بازی کرنے کا پیپلز پارٹی کی طرف سے کوئی عندیہ نہیں دیا گیا تھا۔