سٹی42: عوامی نیشنل پارٹی نے عمران خان کے نمائندے اسد قیصر کے ساتھ کسی بھی نوعیت کا تعاون کرے سے صاف انکار کر دیا۔ عوامی نیشنل پارٹی کسی بھی پلیٹ فارم پر پی ٹی آئی سے تعاون نہیں کر سکتی۔
اس حوالے سے میاں افتخار حسین نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اے این پی نے کسی بھی پلیٹ فارم پر پی ٹی آئی سے تعاون پر معذرت کی ہے، پختونخوا میں دھاندلی کے ذریعے پی ٹی آئی کو حکومت دی گئی ہے، اے این پی کا موقف یہ ہے کہ یہاں پی ٹی آئی کو سپورٹ کیا گیا اور ہمیں ہرایا گیا۔ ہم خود کے ساتھ دھاندلی کرنے والوں کے ساتھ مل کر کوئی بھی کام کیسے کر سکتے ہیں۔
جمعرات کی شام پی ٹی آئی کے رہنما عمران خان کے نمائندے اسد قیصر نے اے این پی کے رہنما میاں افتخار حسین سے رابطہ کیا اور اے این پی کو انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج میں شامل ہونےکی دعوت دی۔
میاں افتخار حسین کا کہنا تھا کہ اے این پی سمجھتی ہے کہ ان حالات میں پی ٹی آئی کے ساتھ بحیثیت جماعت مذاکرات موزوں نہیں، اے این پی انتخابات میں پی ٹی آئی کو جتوانے کے لئے کی گئی دھاندلی کے خلاف احتجاج کا اعلان کرچکی ہے۔