حفاظتی ضمانت کا معاملہ: عدالت نے عمران خان کو پیش ہونے کیلئے 2 گھنٹے کی مہلت دے دی

16 Feb, 2023 | 11:13 AM

Ansa Awais

ویب ڈیسک:اسلام آباد کی انسداد دہشتگری عدالت (اے ٹی سی) سے ضمانت مسترد ہونےکے بعد حفاظتی ضمانت کی درخواست پر لاہور ہائی کورٹ نے عمران خان کو پیش ہونےکے لیے 2 گھنٹےکی مہلت دے دی۔

اسلام آباد کی انسداد دہشتگری عدالت سے ضمانت مسترد ہونے کے بعد عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر لاہور ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔عمران خان کی حفاظتی ضمانت کے لیے عمران خان کے وکلا جسٹس طارق سلیم شیخ کے روبرو پیش ہوئے، ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے عمران خان کی جانب سے اپنا وکالت نامہ جمع کرایا۔

وکیل عمران خان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز سے میٹنگ چل رہی ہے، سکیورٹی پر پارٹی تحفظات ہیں،2 گھنٹے میں پوری کوشش ہےکہ عمران خان کسی طرح پہنچ سکیں۔عمران خان کے وکیل کی درخواست پر عدالت نے ساڑھے بارہ بجے تک وقفہ کردیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ

خیال رہےکہ گزشتہ روز انسداد دہشت گردی  عدالت کے جج جواد عباس نے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج سے متعلق کیس میں عمران خان کی استثنیٰ کی درخواست خارج کردی تھی۔انسداددہشت گردی عدالت نے عمران خان کو ڈیڑھ بجے تک پیش ہونے کی مہلت دی تھی لیکن وہ مقررہ وقت پر عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے ان کی ضمانت خارج کردی۔عدالت کا کہنا تھا کہ ایک بلٹ انجری پر کسی ملزم کو اتنی رعایت نہیں دی جاسکتی ہے، اگر اتنی رعایت دی گئی تو یہ تمام ملزمان کے لیے ہوگی اور عدالت ایسی کوئی نظیر قائم کرنا نہیں چاہتی۔

واضح رہےکہ الیکشن کمیشن کے فیصلے پر احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے مقدمے میں عمران خان عبوری ضمانت پر تھے اور عدالت نے گزشتہ روز(بدھ) تک  حاضری کے لیے عمران خان کو مہلت دے رکھی تھی۔

لاہور ہائی کورٹ میں گزشتہ روز کی سماعت
انسداددہشت گردی عدالت کی جانب سے ضمانت خارج ہونے کے فیصلےکے خلاف عمران خان نے لاہور ہائی کورٹ سے گزشتہ روز ہی رجوع کیا تھا۔گزشتہ روز دوران سماعت  لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے استفسار کیا کہ حفاظتی ضمانت کا قانون کیا ہے؟حفاظتی ضمانت میں ملزم کی پیشی ضروری ہے، زیادہ مسئلہ ہے تو ایمبولینس میں آ جائیں، قانون سب کے لیے برابر ہے، اصولی طورپر مجھے یہ درخواست خارج کردینی چاہیے لیکن رعایت دے رہا ہوں۔

بعد ازاں عدالت نے پیشی کے بغیر حفاظتی ضمانت دینے سے انکار کرتے ہوئے مزید سماعت آج (جمعرات) تک کے لیے ملتوی کردی تھی۔

مزیدخبریں