وزیراعظم شہبازشریف آج 2 روزہ دورے پر ترکیہ روانہ ہوں گے

16 Feb, 2023 | 09:14 AM

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف وفاقی وزراء کے ہمراہ آج 2 روزہ دورے پر ترکیہ روانہ ہوں گے۔

وزیراعظم پاکستان حالیہ زلزلے کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر ترکیہ سے اظہار یکجہتی کریں گے، وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر وفاقی وزراء بھی وزیراعظم کے ساتھ جائیں گے۔

وزیراعظم ترک عوام کے ساتھ خصوصی یکجہتی اور تعاون کے جذبے کے ساتھ دورہ کر رہے ہیں، وزیراعظم انقرہ میں ترک صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ ملاقات میں زلزلے سے جانی نقصان اور تباہی پر اظہار افسوس اور ترکیہ کے عوام کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کریں گے۔

وزیراعظم جنوبی ترکی میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف پاکستانی ریسکیو ٹیموں اور زلزلہ سے بچ جانیوالے افراد سے گفتگو بھی کریں گے۔

خیال رہے کہ ترکیہ میں خوفناک زلزلے کے فوری بعد وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ ترکیہ کا اعلان کیا گیا تھا تاہم بعد میں یہ دورہ منسوخ کر دیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ میں زلزلہ کے فوری بعد 6 فروری کو ترک صدر سے بات کی تھی جس میں انہوں نے ریسکیو اور بحالی کیلئے ہر قسم کی مدد کا یقین دلایا تھا۔

مزیدخبریں