(محمدساجد) فلسطین کےمقبوضہ مغربی کناے پر قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینیوں کو نشانہ بنانے کے واقعات میں ایک مرتبہ پھر تیزی آئی ہے۔ ایسے میں ایک کمسن فلسطینی بچی کی ویڈیو وائرل ہوئی جس نے دیکھنے والوں کو افسردہ کردیا۔
ترکش ریڈیو اینڈ ٹیلی ویژن نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ایک کمسن بچی کو دکھایا گیا جو کہ اپنے تباہ شدہ گھر کی سیڑھیوں کے ساتھ کھڑی کہہ رہی ہیں کہ ’ہم اپنے ملک کو کل نہیں بلکہ آج بچائیں گے۔ وہ ہماری دھرتی پر قابض نہیں رہیں گے۔ کبھی نہیں، کبھی نہیں، کبھی نہیں۔‘ کمسن فلسطینی بچی میار جرادت کا گھر اسرائیلی فوج نےتباہ کر دیا لیکن وہ غمگین نہیں بلکہ پرعزم ہیں۔
ویڈیو وہ کہہ رہی ہے کہ ’انہوں نے ہمارے گھر تباہ کر دیے۔ میں انہیں بتا دوں کہ ہم کبھی نہیں روئیں گے۔ ہم کبھی نہیں جھکیں گے۔ ہم اپنے گھر تعمیر کرتے رہیں گے۔‘
میار جرادات کے والد محمود جرادات سمیت چار فلسطینیوں پر دسمبر میں یہودی آباد کاروں پر حملے کا الزام تھا جس پر اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کے گھر مسمار کر دیے اور میار کے والد کو گرفتار کر کے لے گئے۔
سوشل میڈیا پر موجود ویڈیو میں جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ اپنے والد کو کیا پیغام دینا چاہتی ہے تو کمسن بچی نے کہا ’ بابا، آپ ہمارے ہیرو ہیں۔ آپ جلد آزاد ہوں گے۔ آزادی قریب ہے۔ جیل کسی کو روک نہیں سکتی اور آپ بہت جلد رہا ہوں گے۔‘