(جنید ریاض)نجی سکول کی چھت سے طالبعلم کے چھلانگ لگانے کے واقعہ میں نیا موڑ، متاثرہ بچے کے والد کا بچے کو سکول میں شدید ذہنی تشدد کا نشانہ بنائے جانے کا انکشاف، والدین کا سی ای او ایجوکیشن آفس کے سامنے شدید احتجاج، جان کو خطرہ ہے، کچھ ہوا تو ذمہ دار سکول کے مالک ہوں گے۔سکول مالک نے الزامات کو بے بنیاد قراردیدیا۔
سکول کی دوسری منزل سے چھلانگ لگانے والے بچے کے والدین نے سی ای او ایجوکیشن آفس کے سامنے احتجاج کیا۔اس موقع پر متاثرہ بچے کے والد نے کہا میرا اکلوتا بیٹا ہر شعبے میں بہتر تھا، اسکی ریڑھ کی ہڈی ٹوٹ چکی ہے، ڈاکٹرز نے ہمیں بلا کر کہا ہے کہ بس دعائیں کریں، جس مافیا کے خلاف اٹھاہوں وہ بہت بڑا ہے، ایک خاص جماعت کی سپورٹ انہیں حاصل ہے،بچے کو تین گھنٹے تک کھڑا رکھا گیا، بچے کو بار بار کہا گیا ہے کہ تم امتحان میں نہیں بیٹھو گے۔
نجی سکول کے مالک احسان اللہ وقاص کا کہنا ہے کہ آج سی ای او آفس میں دونوں فریقین پیش ہوئے، متعلقہ اساتذہ کو اسی روز معطل کر دیا گیا تھا،جو الزامات لگائے گئے ہیں وہ بے بنیاد ہیں۔
واقعہ کی انکوائری ہورہی ہے حقائق سامنے آئیں گے،اگر کوئی خودکشی کا فیصلہ کر لے تو اس کو کیسے روکا جاسکتا ہے، قانون اپنا راستہ خود بنائےگا ،جو بھی فیصلہ ہوگا سامنے آئے گا۔