پنجاب پولیس کیلئے خوشخبری، گھر بنانے کیلئے قرض ملے گا

16 Feb, 2022 | 01:36 PM

Arslan Sheikh

عرفان ملک: آئی جی پنجاب راؤ سردار علی کا  پنجاب پولیس کے چھوٹے ملازمین کے لیے انتہائی خوش آئند اقدام، پنجاب پولیس اور اخوت فاؤنڈیشن کے درمیان سنٹرل پولیس آفس میں معاہدہ طے پاگیا۔

تفصیلات کے مطابق ایم او یو کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت پنجاب پولیس اور اخوت فاؤنڈیشن کے درمیان کیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ ایم او یو کے تحت پولیس کے چھوٹے ملازمین کو گھر بنانے کیلئے آسان اقساط پر 15 لاکھ روپے تک قرض مل سکیں گے۔ قرض کی واپسی ملازمین کی تنخواہ میں سے 10 سے 15 سال تک دورانیہ میں ماہانہ اقساط سے کی جائے گی۔ پولیس ملازمین بالخصوص کم تنخواہ والے سٹاف کی ویلفیئر میری اولین ترجیح ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سہولت کا فائدہ 50 ہزار سے کم تنخواہ والے ملازمین کو ہوگا جن کیلئے ذاتی گھر کا حصول انتہائی مشکل ہے۔ اس سہولت کی بدولت ذاتی گھر سے محروم پولیس ملازمین ذاتی چھت حل کرسکیں گے۔ اخوت فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب نے پنجاب پولیس کے ساتھ معاہدے کو احسن اقدام قرار دیا ہے۔ ڈاکٹر مجد ثاقب کا کہنا تھا کہ اخوت فاؤنڈیشن کا مقصد کم آمدنی والے طبقے کی مدد اور انہیں خود مختار بنانا ہے۔ پولیس کے کم تنخواہ والے ملازمین اس معاہدہ سے مستفید ہوں گے۔ 

تمام اضلاع کے پولیس ملازمین قرض کے حصول کیلئے سنٹرل پولیس آفس میں ویلفیئر برانچ کو درخواستیں بھجوائیں گے۔ ڈی آئی جی ویلفیئر درخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد انہیں اخوت ہیڈ آفس بھجوائیں گے۔ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر فاروق مظہر اور سی ای او اخوت اسلامک مائیکرو فنانس ڈاکٹر کامران شمس نے ایم او یو پر دستخط کیے۔ آخر میں آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان اور چیئرمین اخوت فاؤنڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب کے درمیان سوویئنیرز کا تبادلہ کیا گیا۔

تقریب میں ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ علی عامر ملک، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز شہزاد سلطان، ڈی آئی جی ویلفیئر عبدالغفار قیصرانی اور اخوت فاؤنڈیشن کی جانب سے ڈاکٹر کامران شمس نے شرکت کی۔

مزیدخبریں