شاہد سپرا: لیسکو میں ملازمین کی ملی بھگت سے بڑے پیمانے پر بجلی چوری کروانے کا انکشاف، ملازمین نے سینکڑوں خراب میٹرز کو ڈیفیکٹو کوڈ کی آڑ میں تبدیل کر کے لیبارٹری بھجوانے کی بجائے غائب کر دیا گیا۔
لیسکو کے ملازمین نے ڈیفیکٹو کوڈ کی آڑ میں بجلی چوری کروائی جس پر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، ذرائع نے بتایا کہ خراب ہونے والے میٹرز کو تبدیل کر کے بجلی چوری کے شواہد غائب کر دیئے گئے، صارفین کے میٹرز کو تبدیل تو کیا گیا لیکن اترنے والے خراب میٹرز کو دفاتر جمع نہیں کروایا گیا۔
کمپنی قوانین کے مطابق سٹاف کو خراب میٹرز اتار کر لیبارٹری جمع کروانا ہوتے ہیں اور لیبارٹری میں میٹرز کا ڈیٹا ڈاؤن لوڈ کر کے صارفین کو یونٹس چارج کئے جاتے ہیں، تاہم ڈاؤن لوڈ رپورٹس سے بچنے کے لئے میٹرز غائب کرکے ریکارڈ کو مرتب کر لیا گیا ہے، کمپنی نے چند روز قبل خراب میٹرز کو تبدیل کرنے کے لئے نیا سٹاک جاری کیا تھا جس پر پرانے میٹرز کو غائب کر کے شواہد کو مسخ کیا گیا ہے۔