لوگ پوچھتے ہیں آپ کی شادی جائز کیسے ہوئی؟ اداکار حسن احمد کا نیا انکشاف

16 Feb, 2022 | 11:52 AM

مال روڈ(سٹی42) مسیحی ماڈل و اداکارہ سنیتا مارشل سے رشتہ ازدواج میں بندھنے والے اداکار حسن احمد نے انکشاف کیا ہے کہ تقریبا ڈیڑھ دہائی گزر جانے کے باوجود لوگ اب بھی ان سے سوال کرتے ہیں کہ ان کی شادی جائز کیسے ہوئی؟حسن احمد اور سنیتا مارشل نے 2008 میں شادی کی تھی، دونوں کا مذہب مختلف ہے۔

حسن احمد کا تعلق مذہب اسلام جبکہ سنیتا مارشل مسیحیت کی پیروکار ہیں اور دونوں کی شادی کو 13 سال کا عرصہ گزر چکا ہے,دونوں کے دو بچے بھی ہیں، جن میں سے ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہیں جو مذہب اسلام کو فالو کرتے ہیں,مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے کی وجہ سے دونوں کو شادی میں کئی مشکلات بھی پیش آئیں اور ان سے خاندان کے لوگ بھی ناراض رہے۔حال ہی میں دونوں نے اپنے ایک انٹرویو میں اپنی ازدواجی زندگی میں آنے والی مشکلات پر کھل کر باتیں کیں اور بتایا کہ کس طرح لوگ ان کی شادی پر اب تک اعتراض اٹھاتے ہیں۔حسن احمد کے مطابق نہ صرف عام لوگوں بلکہ ان کے اہل خانہ نے بھی سنیتا مارشل سے شادی پر اعتراض کیا اور وہ کافی عرصے تک ناراض رہے۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں شادی کیے ہوئے 13 سال گزر چکے ہیں، جن میں سے 9 سے 10 تک انہوں نے صرف ایک دوسرے کو سمجھنے میں لگا دیے۔اداکار کے مطابق انہیں ایک دوسرے کے جذبات، مذاہب اور فطرت کو مکمل طور پر سمجھنے میں دو دہائیاں لگیں اور یہ بھی سچ ہے کہ شادی کے بعد شادی سے پہلے کی باتیں کتابی رہ جاتی ہیں۔حسن احمد نے بتایا کہ انہیں سنیتا مارشل سے اظہار محبت کرنے یا انہیں شادی کی پیش کش کرنے میں کسی طرح کی ہچکچاہٹ نہیں ہوئی تھی، وہ بلکل سیدھے بندے ہیں اور لڑکیوں کے معاملے میں تو بہت ہی صاف ہیں۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے سنیتا مارشل نے بھی بتایا کہ ان کے والدین بھی ان کی شادی پر ناراض ہوئے اور انہیں منانے میں کافی وقت لگا مگر وہ مان گئے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ عوام کے مقابلے والدین یا اہل خانہ کو سمجھنا پھر بھی آسان ہے اور والدین ہونے کے ناتے انہیں بات کو سمجھنا بھی پڑتا ہے۔

مزیدخبریں