بسام سلطان: ڈاکٹر محمد نوید مظہر کو ڈی ڈی ایچ او ننکانہ صاحب، ڈاکٹر محمد طاہر کو ڈی ڈی ایچ او شاہ کوٹ تعینات کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے کردئے گئے ہیں۔ ڈاکٹر محمد نوید مظہر کو ڈی ڈی ایچ او ننکانہ صاحب، ڈاکٹر محمد طاہر کو ڈی ڈی ایچ او شاہ کوٹ تعینات کردیا گیا ہے۔ ڈاکٹر محمد وقاص سرور کو ڈی ڈی ایچ او فورٹ عباس بہاولنگر، ڈاکٹر عبدالرحمن ان کو ڈی ڈی ایچ او منچنا آباد اور ڈاکٹر شاہد عارف کو ڈی ڈی ایچ او عارف والا پاکپتن تعینات کردیا گیا۔
ڈاکٹر میاں احمد فاروق کو ایم ایس ٹوبہ ٹیک سنگھ، ڈاکٹر محمد اتھر سکھانی کو ایم ایس ڈی جی خان ہسپتال تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ ڈاکٹر کاشف شہزاد کو ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ چکوال تبادلہ کر دیا گیا۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کوویڈ 19 کے مزید 958 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ ملک میں کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 64 ہزار 77 ہو گئی ہے۔ سندھ میں 2 لاکھ 53 ہزار 762، پنجاب میں ایک لاکھ 64 ہزار 268، خیبر پختونخوا میں 69 ہزار 990، بلوچستان میں 18 ہزار 942، اسلام آباد میں 42 ہزار 688،آزاد کشمیر میں 9 ہزار 487 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 940 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا کے 5 لاکھ 25 ہزار 997 مصدقہ مریضوں نے اس وبا کو شکست دیدی جبکہ فعال مریضوں کی تعداد 25 ہزار 383 ہے۔ کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 5 ہزار 51 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 4 ہزار 219، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 995، اسلام آباد میں 486، گلگت بلتستان میں 102، بلوچستان میں 199 اور آزاد کشمیر میں 281 افراد جان کی بازی ہار گئے۔