(سٹی 42) کنڑیکٹ ملازمین کیلئے اچھی خبر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب ارم بخاری نے ملازمین کی دوران سروس وفات کی صورت میں معاوضہ بڑھانے کی منظوری دے دی۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب ارم بخاری کی زیرِ صدارت دوران سروس وفات پانے والے کنٹریکٹ ملازمین کو دی جانے والی سہولیات کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری سروسز، سیکرٹری ریگولیشن، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس اور ڈائریکٹر لاء نے شرکت کی، اجلاس میں گریڈ 1 سے 4 تک کے کنٹریکٹ ملازمین کی دوران سروس وفات کی صورت میں 16 لاکھ اور گریڈ 5 سے 10 تک 19 لاکھ دینے کی منظوری دی گئی۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ارم بخاری کا کہنا تھا کہ گریڈ 11 سے 15 تک 22 لاکھ اور گریڈ 16 سے 17 تک کے کنٹریکٹ ملازمین کو 25 لاکھ دیئے جائیں گے، اسی طرح گریڈ 18 سے 19 کو 34 لاکھ اور گریڈ 20 اور اس کے اوپر والے کنٹریکٹ ملازمین کے لواحقین کو 40 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔
ارم بخاری کا کہنا تھا کہ ملازمین کی فلاح اور بھلائی کے کام کرنا تمام افسران کے فرائض میں شامل ہے، کنٹریکٹ ملازمین کی دوران سروس وفات کی صورت میں ان کے لواحقین کو ترجیح بنیادوں پر گرانٹ جاری کی جائے گی۔
علاوہ ازیں ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب ارم بخاری نے گورنمنٹ سرونٹس بینوولیٹ فنڈ آفس کا دورہ کیا اور وہاں قائم ہیلپ ڈیسک پر سائلین کے مسائل سنے اور ملازمین کے بینوولیٹ فنڈ کے حوالے سے مسائل کو فوری حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔
ملازمین کی سہولت کے لیے بینوولیٹ فنڈ کی درخواستیں آن لائن جمع کی جائیں، ریڈ ٹیپ اور کرپشن کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں، فیئر ویل اور ماہانہ گرانٹ کو سب سے پہلے آن لائن کیا جائے، اب انشاء للہ ریٹائرڈ ملازمین کو دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔