(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں بندر گھر سے دو نوزائیدہ جڑواں بہنوں کو اس وقت اٹھا کر لے گئے جب وہ سو رہی تھیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر تھانجاور میں پیش آیا ہے، جڑواں بہنوں کی عمر ابھی 8دن تھیں۔ بندروں کے ایک گروہ نے بچیوں کو گھر سے اٹھایا اور گھروں کی چھتوں سے انہیں دور لیجانے کی کوشش کی۔
والدین کو جب اپنی بچیوں کے گم ہونے کا علم ہوا تو انہوں نے تلاش شروع کی۔ ایک بچی بندروں سے چند گھر چھوڑ کر ایک گھر کی چھت پر گر گئی اور وہاں سے والدین کو مل گئی۔ تاہم دوسری بچی کی لاش کچھ فاصلے پر ایک گڑھے سے مل گئی۔
بچیوں کی ماں بوانیشوری کا کہنا تھا کہ ”بچیاں گھر میں سو رہی تھیں جب انہیں بندروں نے اٹھایا، میں نے بندروں کو بچیوں کو اٹھاتے نہیں دیکھا تاہم بندر چھت پر کافی دیر شور مچاتے رہے تھے۔ کافی دیر بعد میں بچیوں کو دیکھنے گئی تو وہ اپنی جگہ پر موجود نہیں تھیں۔ اس پر میں نے اپنے ہمسایوں کو بلایا اور ہم نے بچیوں کی تلاش شروع کی۔
واضح رہے کہ اس علاقے میں بندروں کی بہتات ہے اور بندروں کے بچوں کو اٹھا لیجانے کے واقعات ہوتے رہتے ہیں۔