کوئنز روڈ (بسام سلطان) طلبا کیلئے اہم خبر، سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں 22 فروری سے کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں داخلوں کےحوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل ،وی سی فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر عامر زمان ،وی سی فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ظفر چودھری ،پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر عارف تجمل، پرنسپل سمز پروفیسر محمد امجد سمیر و دیگر سربراہوں نے شرکت کی، اجلاس کی صدارت وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے کی، اجلاس میں سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں 22 فروری سے کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، آزاد جموں و کشمیر کے میڈیکل کالجوں کی کلاسز یکم مارچ سے شروع ہو ں گی۔
وی سی پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ تمام کالجز طلبا کو وائٹ کوٹ تقریب کیلئے بلائیں گے، کسی نادار طالب علم کو فیس نہ ہونے پر داخلے سے انکار نہیں کیا جائے گا، پرنسپل کی سفارش پر یو ایچ ایس خود طالب علم کی فیس ادا کرے گی۔
ٹیم لیڈر ایڈمیشن ڈاکٹر اللہ رکھا نے داخلوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ میڈیکل کالجوں میں داخلے پاکستان میڈیکل کمیشن کی ہدایات کے مطابق مکمل کیے گئے، سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کی 95 فیصد سیٹوں پر داخلہ مکمل ہو چکا، مہینوں کا کام ہفتوں میں مکمل کرنے پر یوایچ ایس مبارک باد کی مستحق ہے۔
پروفیسر عارف تجمل کا کہنا تھا کہ سرکاری میڈیکل کالجز میں نادار طلبا کی مالی امدار کیلئے وافر سکالرشپ موجود ہیں، حفظ قرآن ٹیسٹ اور میڈیکل بورڈ کے فیصلوں کیخلاف اپیل کیلئے اپیلنٹ بورڈز بنانے کی منظوری بھی دی گئی، نمایاں کارکردگی پر یوایچ ایس ایڈمیشن ٹیم کو شیلڈز دی گئیں۔