(عمراسلم) مسلم لیگ (ن )کی جانب سے یوتھ ونگ کے ممبر کی عمر 35 اور ایم ایس ایف کے ممبر کی 30 سال کی عمر کا نوٹیفکیشن سے متعلق مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کا بطور صدرمسلم لیگ (ن ) یوتھ ونگ استعفیٰ منظور نہیں ہوا، کیپٹن صفدرسمیت تمام عہدیداراپنے عہدوں پر کام کر رہے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کی جانب سے یوتھ ونگ کے ممبر کی عمر کی حد مقرر کرنے پر صدر یوتھ ونگ کیپٹن صفدر نے استعفیٰ دیدیا تھا، اب مسلم لیگ( ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے ان کا استعفیٰ قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے اور کہا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدرسمیت یوتھ ونگ اور ایم ایس ایف کے عہدیداروں کااستعفیٰ قبول نہیں، رہنما اپنے عہدوں پر پارٹی کیلئے کام کریں۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر نے اس نوٹیفکیشن پرشدید ناراضگی کا اظہار کیا، اسی وجہ سے رانا ثناء اللہ نے مسلم لیگ (ن) سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہونے والی پریس کانفرنس میں عہدیداروں کا استعفیٰ منظور نہیں کیا.
واضح رہےکہ گزشتہ روز کیپٹن (ر) صفدر نے کاشف رندھاواسے بھی میٹنگ کی اور یوتھ ونگ کے کارکنوں کواحتجاج سے روک دیا، اس موقع پران کا کہنا تھا کہ یوتھ ونگ نے ہمیشہ مسلم لیگ( ن) کی مضبوطی کیلئے کام کیا اور کرتے رہیں گے۔