(سعید احمد) وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اب کی بار مارچ میں دھرنا سرکار سے برتاؤ دوسری طرح کا ہوگا، فضل الرحمن نے اگر دھرنا دیا تو دھر لیا جائے گا۔
ریلوے ہیڈ کوارٹر میں شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے تنقید کی ٹرین اپوزیشن پر چڑھا دی، کہتے ہیں کہ جو احتجاجی مارچ میں آنا چاہتا ہے آئے مگر سہولیات پہلے والی نہیں ملیں گی، کروانا وائرس کی وجہ سے پاکستان کی معیشت پر اثرات پڑ رہے ہیں۔
شیخ رشید نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف سے متعلق کہا کہ شہبازشریف کو پیغام دیا ہے کہ لندن میں مزے کریں، وہ میری پارٹی کے ہیں، وہ آ ئیں گے تو گڈی گڈی کھیلیں گے ، ان کا مارچ میں آنے کا ارادہ ہے ۔ایک سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف آنہیں رہے اور مریم نواز جا نہیں رہیں۔
مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ فضل الرحمن نے اگر دھرنا دیا تو دھر لیا جائے گا، آرٹیکل 6 مولانا فضل الرحمان کیخلاف لگ سکتا ہے مگر ان کی عمر اس بات کی اجازت نہیں دیتی، نواز شریف اور شہباز شریف کی خاموشی زیادہ خطرناک ہے اگر بولتے رہیں تو انکا پتہ چلتا رہتا ہے۔
گزشتہ روز وزیر ریلوے شیخ رشید نے ریلوے فوڈ فیسٹیول کا افتتاح کیا اور کینٹ سٹیشن پر فوڈ فیسٹیول میں لگے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور کامیاب فیسٹیول کے انعقاد پر لاہور ڈویژن کو مبارکباد پیش کی۔
فیسٹیول میں موجود ڈی ایس لاہور عامر نثار، ڈی سی او ریلوے شیریں حنا، اسسٹنٹ ٹرانسپوٹیشن آفیسرمشعل اکرام اور زینب منور نے شیخ رشید کو مختلف سٹالز کا معائنہ کرایا، فیسٹیول میں کھابوں کے شوقین فیملیز اور بچوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
ڈی سی او ریلوے شیریں حنا کا کہنا تھا کہ فیسٹیول کے فیصلے کو لاہوریوں کی جانب سے بہت سراہا جا رہا ہے، شہریوں کو اچھی تفریح دینے کی ہر ممکن کوشش کی۔شہریوں نے بھی فیسٹیول کو ریلوے کا اچھا اقدام قرار دیا، فیسٹیول آج رات 11بجے تک جاری رہے گا۔