الحمراء اوپن ایئر تھیٹر میں راول رنگ پوٹھوہار ثقافتی تقریب

16 Feb, 2019 | 11:07 PM

Arslan Sheikh

( سالک نواز ) پنجاب آرٹس کونسل کے زیر اہتمام فولک اسٹوڈیو سیزن ٹو میں راولپنڈی آرٹس کونسل نے اپنا ثقافتی شو '' راول رنگ'' پیش کیا، جہاں روایتی انداز میں اپنی ثقافت کو اجاگر کیا گیا۔

باغ جناح اوپن ائیر تھیٹر میں راولپنڈی آرٹس کونسل کی جانب سے ثقافتی پوٹھوہار رنگ منفرد انداز میں پیش کیے گئے، تقریب میں صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات فیاض الحسن چوہان اور ممبر قومی اسمبلی وجیہ اکرم کے علاوہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل ثمن رائے، پرنسپل این سی اے کالج ڈاکٹر مرتضی جعفری، چیئرمین ایڈوائزری کونسل انس اسلم، وائس چیئرمین تھیٹر کونسل محمد عاطف، سٹاف آفیسر ٹو منسٹر انفارمیشن اینڈ کلچر محمد جمشید خان سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر گلوکاروں کی پرفارمنس اور روایتی ناچ نے محفل کو مزید خوبصورت بنا دیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وائس آف پنجاب میں 35 سال سے کم عمر افراد حصہ لے سکتے ہیں اور اب ملک لوٹنے والے فنکاروں کی نہیں بلکہ اصل فنکاروں کی سرپرستی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کالج آف آرٹ پنجاب یونیورسٹی سے افیلیٹیڈ چار سال کی ڈگری دی جائے گی جبکہ فنکاروں کے لیئے کلچر پالیسی بھی بنائی جا رہی ہے۔ 

تقریب میں ہاتھ سے بنی ثقافتی اشیاء کے سٹالز لگائے گئے تھے جبکہ تقریب کے اختتام پر مہمانوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔

مزیدخبریں