جنید ریاض:کنٹونمنٹ بورڈ کے سکولوں کو بند کرنے کا معاملہ ، لاہور میں بھی پرائیوٹ سکولز کو بند کرکے متبادل جگہ نصابی سرگرمیاں شروع کرنے کے نوٹسز ملنا شروع ہو گئے ، آل پاکستان پرائیوٹ سکول فیڈریشن کے صدر کا کہنا ہے کہ سکول بند ہونے سے 40 لاکھ طلباء کا مستقبل تاریک ہو جائے گا۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلےپر ملک بھر کے کنٹونمنٹ بورڈ سے پرائیویٹ سکولوں کو بند کرنے کے حوالے سے سکولوں کو نوٹسز ملنا شروع ہو گئے۔ جس کی وجہ سے پرائیویٹ سکول مالکان میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی۔ بیشتر سکولوں کو 15 روز میں جگہ خالی کرکے متبادل جگہ سکول لیجانے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔ آل پاکستان پرائیویٹ سکول فیڈریشن کے صدر مرزا کاشف علی کا کہنا تھا کہ ملک بھر کے کنٹونمنٹ بورڈ میں 30 ہزار سکول ہیں جن میں 40 لاکھ سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور میں 1500 سے زائد سکول ہیں جن میں پانچ لاکھ سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں۔ مرزا کاشف علی نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے اپیل کی کہ فیصلے پرنظرثانی کی جائے، بصورت دیگر سکول کے اساتذہ، والدین اورسٹاف احتجاج کرنے پر مجبور ہوگا۔