عوام کے محافظ ہی غیر محفوظ، پولیس لائنز سیکیورٹی آڈٹ نے بھانڈا پھوڑ دیا

16 Feb, 2018 | 02:20 PM

Read more!

(علی ساہی) عوام کے محافظ ہی غیر محفوظ، آئی جی پنجاب کی جانب سے کرائے گئے لاہور سمیت پنجاب کی 42 پولیس لائنز کے سیکیورٹی آڈٹ نے سیکیورٹی کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ متعدد کیمرے غیر فعال، گیٹوں پر بائیو میٹرک اور سکینگ سسٹم ہی موجود نہیں۔

تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز کی جانب سے دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر لاہور سمیت صوبہ بھر کی 42 پولیس لائنز کا آڈٹ کرایا گیا۔ جس میں پولیس لائنز کی سیکیورٹی کے حوالے سے چشم کشا انکشافات سامنے آئے ہیں۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق لاہور کی قلعہ گجر سنگھ، مناواں، بیدیاں روڈ سمیت پنجاب بھر کی تمام پولیس لائنز میں گیارہ بڑے سیکیورٹی لیپس موجود ہیں۔

آڈٹ رپورٹ کے مطابق پنجاب بھر کی پولیس لائنز کے اندر سی سی ٹی وی کیمرے فعال ہی نہیں ہیں، پولیس لائنز کے گردونواح میں گھروں کی سیکیورٹی کلیئرنس بھی نہیں کی گئی۔ داخلی وخارجی راستوں پر بائیو میٹرک انٹر سسٹم بھی موجود نہیں ہے۔

مورچوں میں بھی سیکیورٹی نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ پولیس لائنز کے اندر پٹرولنگ کا وجود ہی نہیں۔ پارکنگ ایریاز میں بھی سیکیورٹی کے کوئی خاطر خواہ انتظامات نہیں کیے گئے جبکہ سیکیورٹی ڈیوٹی پر معمور جوانوں میں رابطے کا فقدان ہے۔

رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ پولیس لائنز میں آگ لگنے کے صورت میں آلات ہی نہیں ہے جن سے آگ بجھائی جا سکے جبکہ خار دار تاریں بھی صرف کارروائی کیلئے رکھی گئی ہیں۔

آڈٹ ٹیم کی جانب سے سپیشل رپورٹ تیار کر کے سفارشات آئی جی کو بھجوا دی گئیں ہیں۔ جس کے مطابق پولیس لائنز کی فوری طور پر سیکیورٹی انتظامات فول پروف کیے جائیں۔

مزیدخبریں