ینگ نرسز نے مطالبات کی منظوری کیلئے حکومت کو 10 دن کی ڈیڈ لائن دیدی

16 Feb, 2018 | 01:41 PM

Read more!

(بسام سلطان ) پنجاب ینگ نرسز ایسوسی ایشن نے مطالبات کی منظوری کے لئے حکومت کو دس دن کا وقت دے دیا، سروس سٹرکچر پر عمل درآمد نہ کرنے پر دھرنا دینے کی دھمکی دے دی۔

تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال میڈیکل کالج میں پنجاب ینگ نرسز ایسوسی ایشن کی جانب سے پریس کانفرنس کی گئی۔ صدرپنجاب ینگ نرسز ایسوسی ایشن زرینہ منظور،  جنرل سیکرٹری شہناز کوثر، نائب صدر فوزیہ اعظم سمیت دیگر ہسپتالوں کی صدور نرسنگ نے شرکت کی۔ ینگ نرسز نے بتایا کہ مطالبات کی منظوری کے لئے کئی بار سڑکوں پر آچکے ہیں مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی، اب بھی اگر مطالبات نہ مانے گئے تو ایک بار پھر سڑکوں پر آ جائیں گے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ینگ نرسز کی ترجمان کا کہنا تھا کہ ہر مرتبہ محکمہ صحت کی جانب سے دعوے کر دیئے جاتے ہیں، محکمہ صحت کی جانب سے احکامات جاری ہونے کے باوجود سروس سٹرکچر پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا ہے، اب محکمہ صحت کو  وعدے نبھانا ہوں گے ،سروس سٹرکچر ہر  چھوٹے، بڑے ملازم کا مسئلہ ہے ، آواز نہ اٹھائیں تو  کہاں جائیں؟

ینگ نرسز کا کہنا تھا کہ شعبہ نرسنگ نے علاج معالجہ کی فراہمی میں اپنا کلیدی کردار ادا کیا، اس کے باوجود ہمارے مطالبات رد کرنا مناسب نہیں۔ حکومت کو دس دن کا وقت دیتے ہیں۔ اگر سروس سٹرکچر پر عمل درآمد نہ ہوا تو بھرپور احتجاج کریں گے۔

مزیدخبریں