سٹی 42 : وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ قوم کو مبارک ہو کہ پی آئی اے کی یورپ کے لئے فلائیٹس بحال ہوئی ہیں ۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا فضل ہے کہ موجودہ دور میں پی آئی اے کی فلائیٹیں بحال ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں ان کے وزیر غلام سرور خان نے پی آئی اے پر بات کی تو پوری دنیا میں نیشنل کیریئر پر سوالات اٹھے، پی آئی اے کی فلائیٹیں بین ہوئیں، انہوں نے جو جرم کیا تھا موجودہ دور میں اس کا ازالہ ہوا ہے، انہیں پی آئی اے پر بات کرنے سے پہلے سوچنا چاہئے کہ ان کے دور میں کیا معاملات ہوئے تھے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ کرم کے معاملے پر علی امین گنڈاپور سے رابطہ کرلیں، امن و امان کی ذمہ داری صوبائی سبجیکٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کیلئے ہم حاضر ہیں، مگر جب کرم میں لاشیں پڑی تھیں تو یہ اسلام آباد پر لشکر کشی کر رہے تھے، کاش اس وقت کرم کا دورہ کیا ہوتا، وہاں امن و امان پر توجہ دی ہوتی تو آج یہاں احتجاج کرنے کی نوبت نہ آتی، یہ بار بار لاشوں کا ذکر کر رہے ہیں، ایک نمبر بتا دیں، انہیں خود نہیں پتہ کہ کتنی لاشیں ہیں، جب اصل تعداد معلوم نہیں ہوتی تو جھوٹ پھیلایا جا رہا ہوتا ہے، ان کے دس رہنما دس مختلف اعداد و شمار پیش کر رہے ہیں، انہوں نے راہ فرار اختیار کی، اس سے بچنے کے لئے بار بار جھوٹا بیانیہ بنا رہے ہیں ۔