ویب ڈیسک : پنجاب کے گورنر سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ میں کرپشن کی بات کر رہا ہوں تو مجھے اپنے کردار کو بھی دیکھنا ہو گا اور میں چاہتا ہوں جب گورنر ہاؤس چھوڑوں تو سراٹھا کر جاؤں۔
گورنر پنجاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور میرے درمیان کوئی تناؤ نہیں چل رہا، اتحادی حکومت بس چل رہی ہے، اللہ خیر کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ طاقتور لوگوں کو پہلے خود کو ٹھیک کرنا ہو گا اور پھر طاقتور کو اپنی نیت کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے، ہماری نیت ٹھیک تھی تو ہم نے ایٹم بم بنا دیا۔
سلیم حیدر نے نے کہا کہ کسی حکومت نے کبھی کسان کو سپورٹ نہیں کیا،عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے کہنے پر 45 فی صد ٹیکس زراعت پر لگانا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف اندرونی اور بیرونی سازشیں ہو رہی ہیں تاہم قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
مافیا سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مافیا اتنا طاقتو رہے کہ اعلیٰ عہدوں والے بھی ان سے بچ نہیں سکتے اور مافیا کے لوگ عدالتوں سے اسٹے لے آتے ہیں۔