ویب ڈیسک: پی آئی اے نے اپنے بین الاقوامی ٹکٹوں کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا ۔
آئی ایم ایف نے پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن کے بین الاقوامی ٹکٹوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی چھوٹ کی منظوری دےدی جس سے کرایوں میں نمایاں کمی کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
پی آئی اے کے مقامی چیپٹر کے ذرائع نے سرکاری خبر رساں ادارے کو بتایا کہ یہ چھوٹ پاکستانی حکومت کی درخواست پر دی گئی تھی اور اس کے نتیجے میں مسافروں کی خاطر خواہ بچت ہو سکتی ہے۔
امریکہ جانے والے مسافروں کو 350,000 روپے تک کی بچت ہونے کا امکان ہے جبکہ افریقہ اور مشرق وسطیٰ کے ٹکٹ کی قیمتوں میں 105,000 روپے تک کی کمی ہوگی۔
یورپ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور مشرق بعید کیلئے سفر کرنے والوں کو ٹکٹ پر 210,000 روپے تک کی بچت ہو سکتی ہے۔واضح رہے کہ پی آئی اے آئندہ ماہ پیرس کے لیے دوبارہ آپریشن شروع کرے گی۔
فرانس میں پاکستانی سفارتخانے سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق فرانس میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نے جنوری 2025 میں آپریشنل ہونے والی پروازوں کی تیاریوں کے حوالے سے پی آئی اے کے مارکیٹنگ کے نمائندے سے ملاقات کی۔
پاکستان اور فرانس کے درمیان براہ راست پروازیں سفر میں سہولت فراہم کریں گی اور کاروبار، سیاحت، خاندانی دوروں اور عوام کے درمیان رابطوں کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گی۔