شادی میں پیسے لٹانے کا رواج، بلال قریشی کا حکومت سے بڑا مطالبہ

16 Dec, 2024 | 10:57 AM

ویب ڈیسک:نومبر دسمبر کا مہینہ آتے ہیں ہی گویا پاکستان میں شادیوں کا سیزن شروع ہوجاتا ہے اور سال کی دیگر مہینوں کے مقابلے میں نسبتاً ٹھنڈے موسم میں لوگ شادی کی تقریب منعقد کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

جب سے سوشل میڈیا کا رجحان عام ہوا ہے لوگ اپنی شادی کی تقریبات کو منفرد بنانے اور زیادہ سے زیادہ نمایاں کرنے اور نت نئے انداز اپنانے کی کوشش کرتے ہیں،خاص کر اگر کسی مشہور شخص کی شادی ہو تو سوشل میڈیا پر اس کا چرچا خوب ہوتا ہے اور یہی حال میں ٹک ٹاکر رجب بٹ کی شادی کا بھی احوال رہا۔

ٹک ٹاکر کی شادی میں جہاں پانی کی طرح پیسہ خرچ کیا گیا وہیں اس تقریب کی متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا کی زینت بنیں جس میں دولہا اور اس کے دوستوں کو لاکھوں روپے کے ساتھ امریکی ڈالرز  بھی نچھاور کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

اگرچہ شادیوں میں پیسے نچھاور کرنے کا رجحان نیا نہیں لیکن سوشل میڈیا پر وائرل ہونے اور ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کی دوڑ نے اب اس رواج کو جنون کی شکل دے دی ہے۔

 انہی تنقید کرنے والوں کے ہمنوا اب اداکار بلال قریشی بھی نظر آئے جنہوں نے اس ٹرینڈ کی سختی سے مخالفت کی ہے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر  ایک اسٹوری شیئر کرتے ہوئے اداکار  نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ساتھ ہی حکومت سے اپیل بھی کر ڈالی۔

پیسے کے اصراف پر اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بلال قریشی نے لکھا کہ مجھے اس ' پیسے پھینکنے' کے کلچر سے سخت نفرت ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'میری حکومت سے درخواست ہے براہِ مہربانی اس گھٹیا عمل پر پابندی عائد کی جائے'۔

مزیدخبریں