اسامہ ملک، کومل اسلم:ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
شہر لاہور میں خشک سردی سے بیماریوں میں اضافہ ہونے لگا ، بارش کے تاحال کوئی امکانات نہیں ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں موجودہ درجہ حرارت9ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ آج درجہ حرارت20ڈگری تک جانے کاامکان ہے۔ ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔لاہورآلودگی کےاعتبارسےپہلے نمبرپربراجمان ہے۔ شہر میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح250ریکارڈ کی گئی ہے۔عسکری ٹین768،جوہرٹاؤن میں شرح 618ریکارڈ کی گئی، فیز 8ڈی ایچ اے488،شملہ پہاڑی میں شرح 336ریکارڈ کی گئی ہے۔
شہر قائد کا موسم سرد اور خشک ہے جبکہ صبح سویرے ہلکی دھند بھی چھائی رہی۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ 17 ڈگری تک محسوس کیا جا رہا ہے۔زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 سے 28 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے اور آئندہ دنوں میں موسم مزید سرد ہونے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 29 فیصد ہے اور شمال مشرق سمت سے 7 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ سرد موسم کے ساتھ کراچی کی ایئر کوالٹی بھی مضر صحت بن چکی ہے۔ شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں ساتویں نمبر پر آ گیا ہے، اور پاکستان میں آلودہ شہروں کی فہرست میں کراچی کا پانچواں نمبر ہے۔ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 181 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔کراچی کے آلودہ ترین علاقوں میں گلشن اقبال، کورنگی، اور شاہراہ فیصل شامل ہیں۔ گلشن اقبال کا ایئر کوالٹی انڈیکس 182 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ماہرین شہریوں کو ماسک پہننے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دے رہے ہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے چند علاقوں میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کر دی۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک جبکہ مری، گلیات اور گرد و نواح میں سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ صبح کے اوقات میں ساہیوال، اوکاڑہ، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان، بہاولنگر اور گرد و نواح میں بعض مقامات پر ہلکی دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم صبح کے اوقات میں سکھر، شکار پور، کشمور، خیر پور اور گرد و نواح میں ہلکی دھند چھائے رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے تاہم چترال، دیر، سوات اور کرم میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔