سٹی42: وزیر داخلہ محسن نقوی نے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی برسی پر اپنے پیغام میں کہا کہ بدترین دشمن نے معصوم بچوں اور بے گناہ اساتذہ کو ناحق شہید کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمارے عزم کا نشان بن چکا ہے اور ہم دہشت گردی کے خلاف لڑتے رہیں گے۔ بچوں اور اساتذہ نے اپنی قیمتی جانوں سے پرامن پاکستان کی بنیاد رکھی اور دہشت گردوں نے ان معصوم پھولوں کو مسل کر ایک سفاکانہ عمل انجام دیا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شہدائے اے پی ایس آج بھی قوم کے دلوں میں زندہ ہیں اور ان کی قربانیوں نے قوم کو دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے یکجا کیا۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ بزدل دشمن کے لیے پاکستان کی دھرتی تنگ کر دی گئی ہے اور آرمی پبلک سکول کے شہداء پاکستانیوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
وزیر داخلہ نے قوم کو شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کی اپیل کی ہے۔