پی کے ایل آئی نے جے سی آئی ایکریڈیشن کا اعزاز حاصل کرلیا

16 Dec, 2024 | 08:41 AM

Ansa Awais

سٹی42:ساؤتھ ایشیا اور پاکستان کے پہلے پبلک سیکٹر میں ہسپتال جس نے یہ اعزاز حاصل کیا،صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ میں جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل حاصل کرنے کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت،اس موقع پر چیئرمین بورڈ آف گورنرز پی کے ایل آئی پروفیسر سعید اختر، ڈین پی کے ایل آئی پروفیسر فیصل سعود ڈار، ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر فیصل امیر، سینیئر صحافی مجیب الرحمٰن شامی اور اداکارہ بشریٰ انصاری کے علاوہ فیکلٹی ممبران اور خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور قومی ترانہ سے کیا گیا،اس موقع پر پروفیسر سعید اختر اور پروفیسر فیصل سعود ڈار نے بھی شرکاء سے خطاب کیا،صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر اہم شخصیات کے درمیان یادگاری شیلڈز بھی تقسیم کیں۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا آج کا دن صرف پی کے ایل آئی نہیں بلکہ پورے پاکستان کیلئے ایک تاریخی دن ہے، پی کے ایل آئی نے پاکستان اور جنوبی ایشیاء کے پہلے پبلک سیکٹر ادارے کے طور پر جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل کی منظوری حاصل کی ہے۔

اس شاندار کامیابی پر ادارہ کے ذمہ داران کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں،یہ کامیابی کئی سالوں کی محنت اور لگن کا نتیجہ ہے، پی کے ایل آئی وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کا برین چائلڈ ہے، پی کے ایل آئی میں الحمدللہ گردے اور جگر کی بیماریوں کا عالمی معیار کے مطابق علاج و معالجہ کیا جاتا ہے۔

اس کامیابی کی اصل حقدار پی کے ایل آئی کی انتظامیہ ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں پی کے ایل آئی کامیابیوں کی بلندیاں حاصل کر رہا ہے، پی کے ایل آئی کو یہ کامیابی وزیر اعلیٰ پنجاب اور اس ادارہ کی پیٹرن ان چیف مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق حاصل ہوئی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صحت کے شعبہ میں انقلابی اصلاحات متعارف کروائی ہیں،11 ارب روپے سے زائد رقم کے 1700 سے زائد کامیاب ٹرانسپلانٹ اور جدید روبوٹک سرجریز پی کے ایل آئی کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے،آج ہم پی کے ایل آئی کی کامیابیوں کو منانے کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں۔ 

مزیدخبریں