آج کے دن پوری قوم دہشت گردی کے خلاف ایک بیانیے پر جمع ہوئی، شہباز شریف

16 Dec, 2023 | 12:06 PM

راؤ دلشاد :  سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کو  9 سال مکمل ہونے پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ 
تفصیلات کےمطابق شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 16 دسمبر 2014 کا دن ہم کبھی نہیں بھول سکتے، نو سال پہلے آج کے دن ہمارے معصوم بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا، ہم شہدا، ان کے والدین اور اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں، ان کے غم میں شریک ہیں۔ آج کے دن پوری قوم دہشت گردی کے خلاف ایک بیانیے پر جمع ہوئی۔ 
انہوں نے کہا کہ 9 سال پہلے وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں دہشت گردی کے خاتمے کی فیصلہ کن جنگ شروع کی گئی تھی۔ ضرب عضب اور ردالفساد کے ذریعے دہشت گردوں کا صفایا کیا گیا۔ آج کے دن سکیورٹی فورسز کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بہادری اور شجاعت سے لڑ رہی ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف کی دہشت گردی کے خاتمے کی پالیسی پر عمل نہ روکا جاتا تو آج دہشت گردی دوبارہ زندہ نہ ہوتی۔ وقت نے ثابت کیا کہ دہشت گرد کسی کے دوست نہیں۔ دہشت گردی مذمت سے نہیں، پاکستان دشمنوں کی مرمت سے ختم ہو گی۔ 
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ افسوس دہشت گردوں کو واپس لاکر قوم کی زندگی سے کھیلا گیا، ملک کا امن تباہ کیا گیا، معیشت کی بنادیں ہلا دی گئیں، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے آج پھر وزیراعظم نواز شریف جیسے آہنی عزم و ارادے اور فیصلہ کن کاروائی کی ضرورت ہے۔ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔ آمین۔

مزیدخبریں