سٹی42: دبئی میں کرکٹ کے انڈر 19 ایشیا کپ کے سیمی فائنلز میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم پاکستان کو اور بنگلہ دیش بھارت کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گئی۔ ایشیا کپ کی دو فیورٹ ٹیمیں دلچسپ مقابلوں کے بعد کھیل سے باہر نکل گئیں۔
دبئی میں انڈر 19 ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل میں یو اے ای نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کو 11 نز سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر یو اے ای کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو یو اے ای کی پوری ٹیم 47.5 اوورز میں 193 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ یو اے ای کی جانب سے آیان افضل 55 اور آریانش شرما 46 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پاکستان کےعبید شاہ نے شانداربولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ علی اسفند اور عرفات منہاس نے2،2 وکٹیں لیں۔
پاکستان کی انڈر 19 ٹیم کے لئے 194 رنز بظاہر آسان ہدف تھا لیکن وہ سرتوڑ کوشش کے باوجود اسے حاصل نہ کر سکی۔پاکستان کا کوئی بھی بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکا اور یو اے ای کے باؤلروں نے ابتدا سے آخر تک رنز روکنے کے لئے جان لڑا دی۔ پاکستان نے آخری وکٹ تک مقابلہ کیا لیکن آخر کار جیت سے صرف 11 رنز کی دوری پر پاکستان کی پوری ٹیم آخری اوور میں 182 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
دوسرے سیمی فائنل میں بنگلادیش نے بھارت کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا، بنگلادیش نے بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دی، بھارت کی ٹیم کو بنگلہ دیش کے باؤلروں نے 188 رنز پر آؤٹ کر دیا اور 189 رنز کا ہدف بنگلادیش انڈر 19 ٹیم نے 42.5 اوورز میں حاصل کرلیا۔
انڈر 19 ایشیا کپ کا فائنل کل اتوار کو بنگلادیش اور یو اے ای کے درمیان کھیلا جائے گا۔