ویب ڈیسک: عامر لیاقت مرحوم کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ کی گرفتاری پر ان کی والدہ نے بشریٰ اقبال پر بیٹی کو اغوا کرانے کا الزام لگادیا۔
دانیہ شاہ کی والدہ سلمیٰ نجی میڈیاسے گفتگو کے دوران بیٹی کی گرفتاری پر بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں اور عامر لیاقت کی سابقہ پہلی اہلیہ پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بشریٰ ہی ہے جس نے سب کچھ کیا ہے، بشریٰ ہی ہے جس نے کیس کیا، بشریٰ نے ہی عامر لیاقت کو قتل کروایا اور اب میری بیٹی کو اغوا کروایا ہے۔
دانیہ کی والدہ نے بتایا کہ کئی پولیس والے ہمارے گھر میں گھسے، ہمیں مارا اور کہا کہ آپ کا پڑوسیوں سے جھگڑا ہوا ہے، آپ لوگ صدر تھانے آجائیں اس کے بعد پولیس والے دانیہ کو بغیر کپڑے تبدیل کیے لے گئے لیکن جب ہم تھانے وہاں پہنچے تو وہاں کوئی نہیں تھا۔
سلمیٰ بی بی کا مزید کہنا تھا کہ اس سے پہلے بھی بشریٰ سے ہمیں دھمکیاں ملی ہیں لیکن ہم نے صبر کیا، ہمیں نہیں پتا تھا وہ ہم پر اتناظلم کرے گی، ہم نہیں جانتے تھے کہ وہ اتنی سنگدل اور خطرناک ہوگی ہمیں کچھ نہیں چاہیے، ہم معافی نامہ لکھنے کو بھی تیار ہیں، میری وزیر اعلیٰ پنجاب ، نواز شریف اور مریم نواز سے التجا ہے کہ میری بچی کو بچالیں ۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سائبرکرائم سرکل نے پنجاب کےعلاقے لودھراں میں کارروائی کرتے ہوئے مرحوم ایم این اے عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ کو گرفتار کیا تھا۔