نشتر پارک (حافظ شہباز علی) صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے پاکستان کی سب سے بڑی فٹبال لیگ کرانے کا اعلان کردیا۔
صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ فٹبال کے کھیل کو فروغ دینے اور ٹیلنٹ سامنے لانے کے لئے فٹ بال لیگ کرا رہے ہیں یہ پاکستان کی سب سے بڑی فٹ بال لیگ ہوگی، فٹ بال لیگ میں حصہ لینے کے لئے رجسٹریشن15 سے 22 دسمبر تک جاری رہے گی، صوبہ بھر سے 23 سال سے کم عمر کھلاڑی رجسٹریشن کے اہل ہوں گے، رجسٹریشن کے لئے آن لائن فارم، QR کوڈ انٹر نیٹ پر دستیاب ہیں،کھلاڑی ڈویژنل اور ضلعی سپورٹس آفس سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے مزید کہا ہے کہ ضلعی سطح پر پنجاب کے سب سے بڑے فٹ بال ٹرائلز منعقد کئے جائیں گے، پہلے فیز میں ڈویژن کی سطح پر ٹیموں کی تشکیل ہوگی، اگلے مرحلہ میں لاہور میں تمام ڈویژن کے لیگ میچز منعقد ہونگے،نوجوانوں فٹ بال لیگ کے ٹرائلز کے لئے رجسٹریشن کروائیں اور اپنی صلاحیتوں کا اظہار کریں۔
انہوں نے کہا ہے کہ جیتنے والی ٹیموں کے لئے 3،5،10 لاکھ روپے کے انعامات رکھے گئے ہیں،لیگ کے ذریعے پنجاب کی ڈریم ٹیم منتخب کی جائے گی، پنجاب ڈریم ٹیم کیلئے ماہانہ وظائف کا اجراء کیا جائے گا،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب جاوید چوہان ٹرائلز اور لیگ کے انتظامات کی نگرانی کریں گے، فٹ بال لیگ وزیراعظم کے ریجنل کھیلوں کے فروغ کے وژن جانب ایک اہم قدم ہے۔