( در نایاب ) سیلز ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والے سرکاری ادارے ایف بی آر کے ریڈار پر آگئے، کارپوریٹ ٹیکس آفس نے رنگ روڈ اتھارٹی، ایل ڈی اے اور واسا کو سیلز ٹیکس جمع نہ کرانے پر نوٹسز جاری کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے ایل ڈی اے، واسا، لاہور رنگ روڈ اتھارٹی کو بطور ودہولڈنگ ایجنٹ سیلز ٹیکس کی عدم ادائیگی اور گوشوارے جمع نہ کرانے پر نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔ ایف بی آر نے واسا، ایل ڈی اے اور رنگ روڈ اتھارٹی کو گوشوارے جمع کرانے کیلئے 15 روز کی مہلت دے دی ہے۔
سرکاری و غیر سرکاری ادارے مختلف نوعیت کی خریداری کی ادائیگی کرتے وقت سیلز ٹیکس کٹوتی کرکے ایف بی آر کو جمع کروانے کے پابند ہیں۔ ایف بی آر نے پندرہ دن میں گوشوارے جمع نہ کروانے کی صورت میں تینوں اداروں کو جرمانہ عائد کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
ایف بی آر نے مالی سال دو ہزارانیس بیس کے گوشوارے جمع نہ کروانے والے شوبز ستاروں کو نوٹس بھیجنے کا عمل شروع کردیا ہے۔ ایف بی آر نے فلمسٹار ارباز خان کو نوٹس جاری کردیا ہے۔ عارف خان کے نام سے رجسٹرڈ فلمسٹار ارباز خان کو سال 2020 کا انکم ٹیکس گوشوارہ جمع نہ کروانے پر نوٹس بھیجا گیاہے۔
ایف بی آر نے فلمسٹار ارباز خان کو اثاثہ جات کی تفصیل اور گوشوارہ جمع نہ کروانے پر جرمانے کا نوٹس بھیج کرجواب کیلئے 13 جنوری تک مہلت دے دی ہے۔