(شہزاد خان ابدالی) شہر کے صرافہ بازاروں اور مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے، بدھ کے روز سونا 500 روپے فی تولہ مہنگا ہوگیا ہے، جیولرز اور صارفین نے سونے کی قیمتیں بڑھنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے، صارفین کا کہنا ہے کہ سونا اب ان کی قوت خرید سے باہر ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور شہر کے صرافہ بازاروں اور مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس کے بعد خالص 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت 1لاکھ 11ہزار 700روپے تک پہنچ گئی ہے، اسی طرح بایئس قیراط فی تولہ سونا 1لاکھ 2ہزار 391 روپے میں فروخت ہوا اور اکیس قیراط فی تولہ سونا 97 ہزار 737روپے کا رہا جبکہ چاندی کی قیمت میں 20روہے اضافہ ہوا جس کے بعد فی تولہ چاندی کی قیمت 1220روپے ریکارڈ کی گئی۔
صارفین نے سونے کی قیمتیں بڑھنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے صارفین کا کہنا ہے کہ سونے کی قیمتوں میں تباہ کن اضافے نے ان کی قوت خرید کو ختم کرکے رکھ دیا ہے اب متوسط طبقہ سونے خریدنے کی سکت نہیں رکھتا۔