(سٹی 42) باغوں کے شہر لاہور کو دھند نے ایک بار پھر اپنی لپیٹ میں لے لیا،جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، محکمہ موسمیات نے شدید سردی کی لہر جمعہ تک برقرار رہنے کی پیشگوئی کردی۔
لاہور میں صبح کے وقت دھند نے ہر منظر دھندلا دیا، شدید دھند کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا، شہریوں نے لحافوں میں پناہ لے لی ، شہر کے خارجی و داخلی راستے بھی دھندلے پڑ گئے، لاہور کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
دھند کے باعث ایم ٹو موٹروے کو شیخوپورہ تک ہر قسم کی ٹریفک کےلیے بند کردیا گیا جبکہ ائیرپورٹ کے اطراف میں دھند سے رن وے پر حد نگاہ کم ہونے سے پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا، نجف ، جدہ ،شارجہ، دبئی اور کراچی سے لاہور آنے والی پروازیں منسوخ کردی گئیں۔
ترجمان موٹروے پولیس نےشہریوں کوغیرضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کر دی، موٹروے پولیس کے مطابق شہری سفر شروع کرنےسے پہلے ہیلپ لائن 130سےمدد لیں۔
محکمہ موسمیات کےمطابق آج لاہور شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ آج صبح کے وقت شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، اسی طرح ہوا میں نمی کا تناسب صبح کے وقت 68 فیصد اور شام کے وقت 75 فیصد ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو روز تک موسم مزید سرد ہونے کیساتھ شہر میں دھند برقرار رہنے کا امکان ہے۔