(نبیل ملک) ایئربلیو کے فضائی بیڑے میں شامل جہازوں کی کمی اور دستیاب جہازوں کے غیر مؤثر استعمال کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر ایئربلیو کی جدہ اور مدینہ منورہ جانے والی پروازیں 10 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہوئیں۔
تفصیلات کے مطابق ایئربلیو کی دونوں پروازوں کے 600 سے زائد عمرہ زائرین روانگی لاؤنج میں بُری طرح پھنس گئے ۔عمرہ زائرین نے تنگ آ کر روانگی لاؤنج میں احتجاج شروع کر دیا ، مشتعل زائرین کو احتجاج کرتا دیکھ کر ایئربلیو انتظامیہ بھی روانگی لاؤنج سے چلتی بنی۔
عمرہ زائرین نے شکوہ کیا کہ بار بار پوچھے جانے پر بھی ایئرلائن عملہ ان کو پروازوں کی روانگی کی درست معلومات فراہم نہیں کر رہا،اس موقع پر موجود سول ایوی ایشن حکام اور اے ایس ایف نے بیچ بچاؤ کرانے کی کافی کوشش کی لیکن مظاہرین کا احتجاج پھر بھی جاری رہا ، سٹی فورٹی ٹو نے مشتعل عمرہ زائرین کے احتجاج کی ویڈیو حاصل کر لی۔