سٹی42: وفاقی حکومت کی رائٹ سائزنگ سے متعلق کمیٹی نے 5 وزارتوں میں 28 اداروں کو مکمل بند اورایک لاکھ 50 ہزارکےقریب خالی آسامیاں ختم کرنے کی سفارشات پیش کردیں۔
جمعہ کے روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت حکومتی ڈھانچےکے حجم اور اخراجات میں کمی پر اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، احد چیمہ، محمد اورنگزیب اور رانا تنویر سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
اجلاس میں وفاقی حکومت کی رائیٹ سائزنگ سے متعلق بنائی گئی کمیٹی نے تجاویز پیش کیں۔ کمیٹی نے وزارت امورکشمیر وگلگت بلتستان اور وزارت سرحدی امور کو ضم کرنے کی تجویز دی جبکہ اجلاس میں 5 وزارتوں میں 28 اداروں کو مکمل بند کیے جانے کی بھی تجویز پیش کی گئی۔
5 وفاقی وزارتوں میں اصلاحات اور ایک لاکھ 50 ہزارکےقریب خالی آسامیاں ختم کرنےکی سفارشات دی گئیں اور تجویز دی گئی کہ وزارتیں ختم یا ضم کرنے سے گریڈ ایک سے 16 تک متعدد اسامیاں بتدریج ختم کی جاسکیں گی۔
کمیٹی نے ہنگامی بنیادوں پر بھرتیوں پرمکمل پابندی عائد کرنے کی سفارش بھی کی۔ اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھاکہ حکومتی اخراجات میں کمی ہماری ترجیح ہے، ادارہ جاتی اصلاحات کا مقصد قومی خزانے پربوجھ کم کرنا، عوام کوسہولت دیناہے۔
انہوں نے کہا کہ کارکردگی نہ دکھانے والے اور قومی خزانے پربوجھ اداروں کوختم یا ان کی نجکاری کی جائے، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی خود نگرانی کروں گا۔