28 اگست کو ملک گیر ہڑتال ہوگی، امیر جماعت اسلامی

16 Aug, 2024 | 10:28 PM

ویب ڈیسک : امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ  اگر ہمارے معاہدے پر عمل درآمد نہ ہوا تو دوبارہ اسلام آباد جائیں گے،  28 اگست کو ملک گیر ہڑتال ہوگی تاجر برادری کی ہڑتال کی کال کی حمایت کرتے ہیں ۔ 

 امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے ملتان میں پاور شو  سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کہا کہ موجودہ حکومت نے مہنگائی اور بے روزگاری میں ملک کو مبتلا کیا ہوا ہے۔حکومتی نمائندوں کا عوام میں جانا مشکل ہو گیا ہے ، بجلی کے بل نہیں بم گرتے ہیں عوام پر ، ہم نے عوامی حقوق کے لئے اسلام آباد دھرنا دینے کا فیصلہ کیا، ہم نے ایک دھرنے کو کئی دھرنوں میں تبدیل کیا ، ہم نے مری روڈ پر مستقل دھرنا دیا ۔ ہم نے عوام کو بتایا کہ بجلی کی قیمت تھوڑی ہے مگر بل آئی۔پی۔پیز کی وجہ سے زیادہ آتے ہیں، بجلی کا مسلئہ اب صرف غریب آدمی کا نہیں رہا، کرائے کے مکان سے زیادہ بجلی کا بل آتا ہے، بحلی کا بل تنخواہ سے زیادہ آتا ہے۔ 

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم حکومت سے معاہدہ کرکے گھر واپس نہیں گئے۔ آج بجلی کے نرخ میں 14 روپئے کی کمی کا  اعلان ہوا ہے،  مہنگی بجلی ہمیں منظور نہیں ہے۔ اپنے مفادات کے لئے ن لیگ پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف سب ایک ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بنک کو بھی پابند کیا جائے کہ وہ شرح سود کو کم کرے۔ کسان سے 3900 روپئے میں گندم خریدنے کا وعدہ کرکے حکومت پیچھے ہٹ گئی، کسانوں سے سبسڈی اور قرض کا وعدہ کیا مگر وعدہ پورا نہ ہوا، کسان کو بدحال کر دیا گیا۔ جاگیرداروں پر ٹیکس نہیں لگتا ۔

انہوں نے کہا کہ اب ہم آئی۔پی۔پیز کو نہیں پالیں گے۔ اگر ہمارے معاہدے پر عمل درآمد نہ ہوا تو دوبارہ اسلام آباد جائیں گے، ہم معاہدوں کا پیچھا کرتے ہیں اور عمل کرتے ہیں۔ اگر کسی نے پوچھنا ہے تو ملک ریاض سے پوچھ لو کہ ہم نے معاہدوں پر عملدرآمد کروایا تھا۔ انقلاب کا وقت قریب آ رہا ہے۔ ہم ممبر شپ کمپین کا آغاز کرنے والے ہیں، ہم گلی گلی کوچہ کوچہ اپنا پیغام پہنچائیں گے، ہمارا اتحاد غریبوں سے ہے۔ چیف جسٹس کے ختم نبوت کے حوالہ سے فیصلہ کو تسلیم نہیں کرتے ، چیف جسٹس اپنے فیصلہ کو واپس لیں۔ 28 اگست کو ملک گیر ہڑتال ہوگی تاجر برادری کی ہڑتال کی کال کی حمایت کرتے ہیں ۔

مزیدخبریں