وزیرِ اعظم کی گلگت بلتستان میں پائلٹ پراجیکٹ کے لائحہ عمل کو پیش کرنے کی ہدایت

16 Aug, 2024 | 04:06 PM

ویب ڈیسک : وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نےگلگت بلتستان میں پائلٹ پراجیکٹ کے لائحہ عمل کو پیش کرنے کی ہدایت کر دی. 

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت قیمتی پتھروں کی صنعت کی ترقی اور اس شعبے کی اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا. اجلاس کو ملک میں قیمتی پتھروں کی استعداد، کان کنی کے موجودہ طریقوں اور برآمدات کے حوالے سے اگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں قیمتی پتھروں کے وسیع ذخائر موجود ہیں. ان علاقوں میں کان کنی کیلئے روایتی طریقے اپنائے جا رہے ہیں جن کی وجہ سے قیمتی پتھروں کا ذیاں ہو رہا ہے. خام مال ذیادہ تر اسمگل ہو کر دوسرے ممالک میں ویلیو ایڈیشن کے بعد پوری دنیا کو برآمد کیا جاتا ہے. اجلاس کو بتایا گیا کہ وسیع مقدار میں ذخائر کے باوجود پاکستان سے قیمتی پتھروں کی برآمدات چند ملین ڈالر ہے. وزیرِ اعظم کو قیمتی پتھروں کی صنعت اور اس شعبے کی اصلاحات کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں. اجلاس کو گلگت بلتستان میں قیمتی پتھروں کے حوالے سے ایک کلسٹر بنانے کی تجویز بھی پیش کی گئی. 

وزیرِ اعظم نے تجاویز پر عملدرآمد کی ذمہ داری وفاقی وزیرِ نجکاری کو سونپتے ہوئے ایک ہفتے میں گلگت بلتستان میں پائلٹ پراجیکٹ کے لائحہ عمل کو پیش کرنے کی ہدایت کر دی. 

اجلاس میں وفاقی وزراء جام کمال خان، خالد مقبول صدیقی، ، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، رانا تنویر حسین، ڈاکٹر مصدق ملک، گورنر اسٹیٹ بنک جمیل احمد وزیرِ اعظم کے کوارڈینیٹر رانا احسان افضل، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور خیبر پختونخوا کے چیف سیکریٹریز اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی.

مزیدخبریں