چار میگاکرپشن اسکینڈلز کی فائلیں کھل گئیں، ایف آئی اےنے تحقیقات شروع کر دیں

16 Aug, 2023 | 06:12 PM

ویب ڈیسک: نگراں حکومت کے آتے ہی وفاقی تحقیقاتی ادارہ نے 4 بڑے کرپشن اسکینڈلز  کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔


ایف آئی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 4  وائٹ کالر میگاکرپشن اسکینڈلز کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

ایف آئی اے کے مطابق ڈالر کے انٹربینک ریٹ سے زائد پر ایل سی  کھولنے پر بینکوں کے خلاف انکوائری شروع کی گئی ہے، اس اسکینڈل میں 8 بینکوں نے 65 ارب روپے سے زائد صرف ڈالر  ریٹ میں کمائے۔

ایف آئی اے نے موٹر وے کے لیے زمین کی خریداری میں بھی کرپشن کی شکایت پر انکوائری کا  آغاز کیا ہے، زمین کی خریداری میں 32 ارب  روپےکی خرد برد کی شکایات ہیں۔

 گزشتہ سال سیلاب متاثرین کو دی گئی امداد  میں بھی کرپشن کے الزامات پر انکوائری شروع کردی گئی ہے۔ سانگھڑ اور دادو میں 103 افرادکو 31 ہزار ٹینٹ، راشن اور  امدادی سامان دینے پر انکوائری کی جارہی ہے۔

ایف آئی اے نے مفت آٹا اسکیم میں آٹے کے 18 لاکھ بیگز کی مبینہ خرد برد  اور خراب  آٹے کی تقسیم کے الزامات پر بھی انکوائری کا  آغاز کردیا ہے۔

ایف آئی اے کے اعلامیہ کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کے تمام زونز کو  چاروں کیسز میں تحقیقات کرکے ہیڈ آفس کو رپورٹ کرنےکی ہدایت کی گئی ہے۔

مزیدخبریں