ویب ڈیسک: سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان مسیحی برادری کے ووٹ سے بنا تھا، ایسے محسنوں کے ساتھ یہ رویہ انتہائی قابل افسوس ہے۔
شہباز شریف نے جڑانوالہ میں چرچ کی بے حرمتی، مسیحیوں کے گھر جلانے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری نے پاکستان کی سلامتی اور دفاع کے لئے خون دیا ہے، ہم یہ قربانیاں اور وطن کی خدمت ہرگز نہیں بھول سکتے ۔
انہوں نے کہا کہ قانون شکنوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے، ایسے اقدامات کی اسلام اجازت دیتا ہے نہ ہی آئین اور قانون اجازت دیتے ہیں۔ علماء اور مشائخ عظام قرآن و سنت کے منافی ایسے قابل نفرت اقدامات کی بھرپور مذمت کریں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم کے لئے یہ واقعہ قابل مذمت، باعث افسوس اور باعث ندامت ہے۔ پنجاب حکومت نذر آتش کئے گئے چرچ اور گھروں کی بحالی کے اقدامات کرے ۔ ایک بار پھر سانحہ 9 مئی کی یاد تازہ ہوگئی ہے، قوم کا سر شرم سے جھک گیا ہے۔