ٹک ٹاک پر پابندی ، لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

16 Aug, 2023 | 01:17 PM

Ansa Awais

ویب ڈیسک: سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر پابندی کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ ایپ پر مسلسل فحش مواد اپ لوڈ کیا جارہا ہے، جس سے نوجوان نسل تباہ ہورہی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ میں ایک شہری کی جانب سے مشہور سوشل میڈیا ایپلیکیشن ٹک ٹاک پر پابندی کی آئینی درخواست دائر کی گئی ہے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹک ٹاک پر مسلسل فحش مواد اپ لوڈ کیا جارہا ہے، جس سے نوجوان نسل تباہ ہو رہی ہے، نوجوانوں کو ورغلایا جارہا ہے، بہت سے نوجوان ٹک ٹاک پر ویڈیوز بناتے اپنی جان گنوا چکے ہیں، اس پر پابندی عائد کی جائے۔شہری رانا عثمان انوار نے ایڈووکیٹ سہیل احمد شیخ کی وساطت سے درخواست میں پی ٹی اے اور وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا ہے۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 5 کے تحت ہر شہری پر ریاست سے وفادار ہونا لازم ہے، بہت سے ممالک میں ٹک ٹاک پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل کئی بار پاکستان میں ٹک ٹاک پر مختلف وجوہات کی بناء پر پابندی عائد کی جاچکی ہے تاہم یہ پابندی چند روز تک ہی محدود رہی تھی۔

مزیدخبریں