موٹروے پر دل دہلا دینے والا حادثہ، 20 افراد جاں بحق

16 Aug, 2022 | 09:20 AM

(مانیٹرنگ ڈیسک) ملتان سکھر موٹروے پر  لاہور سے کراچی آنے والی سلیپر بس میں ٹینکر کے ٹکرانے سےآگ لگ گئی، حادثے کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق، متعدد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ملتان سکھر موٹروے پر مسافروں سے بھری ڈائیو سلیپر بس تیز رفتاری کے  باعث ایک آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی جس سے آئل ٹینکر اور بس کو آگ لگ گئی ، حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور کئی گھنٹوں کی تگ و دو کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔  

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ جلتی ہوئی گاڑیوں سے 9 مسافروں کو بحفاظت زندہ نکال لیا گیا جبکہ 20 افراد جاں بحق ہوگئے، زخمی افراد کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

کمپنی کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی بس 2009 ماڈل کی تھی جو ڈائیوو کمپنی کے تحت چلتی تھی سلیپر بس لاہور سے کراچی کیلئے رات 9 بجے روانہ ہوئی تھی، بس میں 2 ڈرائیور سمیت 26  افراد  سوار تھے، جن میں سے دو مسافروں نے حیدرآباد اترنا تھا جبکہ 22 مسافروں نے کراچی جانا تھا۔

مزیدخبریں