محرم الحرام، متعدد علماء اور ذاکرین پر پابندی عائد

16 Aug, 2021 | 02:11 PM

Arslan Sheikh

ویب ڈیسک: محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں متعدد علما اور ذاکرین کے شہر میں داخلے پر پابندی عائد کردی۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات نے اسپیشل برانچ کی رپورٹس پر متعدد علما کی سرگرمیوں کو محدود کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ یہ علما مذہبی فرقوں میں نفرت پیدا کرنے کے لیے اشتعال انگیز تقاریر کرنے والے تھے جبکہ اس حوالے سے چند علما کرام کی سرگرمیوں کو بھی محدود کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ڈی سی اسلام آباد کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن تمام متعلقہ اداروں کو بھجوایا جاچکا ہے۔ اسلام آباد پولیس اور انتظامیہ کو ہدایات دی گئی ہیں مذکورہ بالا علماء کی جانب سے خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

دوسری جانب آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان نے امام بارگاہ سائیں بوٹا دربار کا دورہ کیا اور جلوس روٹ کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ آئی جی اسلام آباد کے ہمراہ ڈی آئی جی آپریشنز، ایس ایس پی آپریشنز و دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ جلوس روٹ کے فول پروف سیکورٹی انتظامات کرنے کے ساتھ ساتھ سیکورٹی پر مامور افسران و جوان کو ڈیوٹی کے متعلق بریف کرنے کی بھی ہدایت کی۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا تھا کہ ایس ایس پی ٹریفک کو جلوس کے دوران ٹریفک کی روانی کو بحال رکھنے کے لیے متبادل راستوں کا بھی انتظام کیا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت دی کہ جلوس کے مقرر کردہ روٹ میں لائٹ کا مناسب انتظام کیا جائے، جلوس کے روٹ میں آنے والی گلیوں میں خاردار تار اور جرسی بیرئیرز لگائے جائیں اور سیکورٹی میں کوتاہی لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ 

مزیدخبریں