گارڈن ٹاؤن (حافظ شہباز علی) سماجی کارکن و گلوکار شہزاد رائے نے قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کو سیاست میں آنے کا مشورہ دیدیا۔
سابق کپتان شاہد آفریدی حال ہی میں گلوکار شہزاد رائے کے ہمراہ نجی ٹی وی کے ایک شو میں شریک ہوئے جہاں دونوں شخصیات نے سیاست میں انٹری سے متعلق گفتگو کی۔
شہزاد رائے نے بتایا کہ میں راستے میں شاہد آفریدی سے گزارش کر رہا تھا کہ وہ سیاسی جماعت بنا لیں۔شہزاد رائے کے مطابق شاہد آفریدی کا ماننا ہے کہ انصاف اور تعلیم دو اہم اور بنیادی چیزیں ہیں جس پر میں نے شاہد آفریدی سے کہا کہ انصاف پر ایک سیاسی جماعت بنائی جا چکی ہے، اب ایجوکیشن پر برائے مہربانی آپ ایک پارٹی بنائیں، گلوکار نے بتایا کہ میں راستے بھر شاہد آفریدی کو مجبور کرتا رہا تاہم وہ نہیں مانے اور ان کا کہنا تھا کہ میں کوئی پارٹی نہیں بنانا چاہتا۔
شہزاد رائے کی خواہش پر شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ شہزاد رائے مجھے مشورے دے رہے ہیں، وہ خود بھی آئیں، شہزاد خود یہ کام کیوں نہیں کرتے؟سابق کپتان کی پیشکش پر شہزاد رائے نے جواب دیا کہ اگر شاہد آفریدی سیاسی جماعت بناتے ہیں تو میں ان کی پارٹی جوائن کر لوں گا۔